Monday, 23 November 2026, 03:46:33 pm
 
اُستاد فَتح علی خان: سِتار کے سُروں میں محفوظ ایک عَہد
November 23, 2026

اُستاد فَتح علی خان

سِتار کے سُروں میں محفوظ ایک عَہد

(برسی کی مناسبت سے خصوصی تحریر)

کسی دانا نے خوب کہا ہے کہ ہِجرت کرنے والا، اپنا سب سے قیمتی سَرمایہ اپنے ساتھ لے کر ہی چلتا ہے۔ اور یہ بھی کہ سَرمایہ صرف مال و دولت نہیں ہوتا، ہُنر اور ہُنرمند بھی سَرمایہ ہوتے ہیں۔

ہُنرمندوں کو اپنا قیمتی سَرمایہ سمجھ کر ساتھ لے چلنے کا نمونہ دیکھنا ہو تو ۱۹۴۴ء میں برِصغیر کے نامور موسیقار ماسٹر غُلام حَیدر کی لاہور سے بمبئی مُہاجرت کا احوال دیکھیے۔ وہ بھی اپنے ساتھ چار منتخب فَن کاروں کو لے کر نکلے: گُلوکارہ شَمشاد بیگم، طَبلہ نواز اُستاد مَنظور حُسین، ہارمونیم نواز بھائی لال مُحمّد صابری اور سِتار نواز اُستاد فَتح علی خان۔

یہی ماسٹر غُلام حَیدر کا آرکسٹرا تھا، یعنی یہی ان کا قیمتی سَرمایہ تھا، جن کے ہُنر، رِیاضت اور فَنّی مہارت کے سہارے وہ بمبئی کی فِلمی دنیا کو مسخّر کرنے نکلے تھے۔

ان چار فَن کاروں میں شامل سِتار نواز فَتح علی خان، بعد کے برسوں میں خود بھی فِلمی موسیقار بنے۔ بعدازاں ریڈیو پاکستان اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس سے وابستہ رہ کر تمام عُمر اپنے خاندان کی پُشتوں پر محیط سِتار نوازی کی روایت کے اَمین بنے رہے۔ کلاسیکی راگوں پر غیرمعمولی دَسترس رکھنے والے اس فَن کار نے اپنے سِتار کو محض راگداری تک محدود نہیں رکھا بلکہ اس کے تاروں پر ’’لَنگھ آ جا پَتّن چَناں دا‘‘ اور ’’سَمّی میری وار‘‘ جیسے معروف گیتوں اور لوک دُھنوں کو بھی ایک نئی زندگی عطا کی۔

آج ۲۳ نومبر کو اسی اُستاد فَتح علی خان کی پینتالیسویں برسی ہے۔ وہ ۲۳ نومبر ۱۹۸۱ء کو راولپنڈی میں اِنتقال کرگئے تھے۔

اُستاد فَتح علی خان ۱۹۱۱ء کے لگ بھگ پٹیالہ کے ایک موسیقی نواز گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے دادا امیر بخش، والد غُلام علی اور تایا اُستاد محبوب علی اپنے زمانے کے نامور سِتار نواز تھے۔ ان سب کے ناموں کے ساتھ ’بھائی‘ کا خطاب لگتا تھا، جو اُس زمانے کی ربابی روایت کا حصہ تھا۔

فَتح علی خان نے محض پانچ سال کی عُمر میں سِتار بجانا شروع کیا اور اپنے تایا اُستاد محبوب علی کی شاگردی اختیار کی۔ انہی سے سِتار نوازی کے اَسرار و رُموز سیکھے اور کلاسیکی موسیقی کی وہ تربیت حاصل کی جو آگے چل کر ان کے فَن کی بنیاد بنی۔ اُستاد محبوب علی کو ’بھائی بُوبا‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا تھا۔

اُستاد فَتح علی خان کے خاندان کا فَنّی تعلق کپورتھلہ کے دُھرپد ربابی گھرانے سے تھا۔ ان کے اَجداد دُھرپد گائیکی کی روایت سے وابستہ تھے، لیکن بعد میں سِکھ مذہبی موسیقی سے تعلق کے باعث اس خاندان کی شناخت ربابی گھرانے کے طور پر بھی قائم ہوئی۔

دُھرپد ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی قدیم ترین اصناف میں سے ایک ہے، جس میں راگ کی سنجیدہ، ٹھہراؤ والی اور اصولوں کی پابند پیشکش کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، جبکہ ربابی موسیقی کی روایت کی ابتدا گُرو نانک کے مسلمان ساتھی اور رباب نواز ‘بھائی مردانہ’ سے منسوب کی جاتی ہے، جو گُرو نانک کے سُر اور لے کے ساتھ شبد پڑھنے کے دوران رباب بجاتے تھے۔

بعد کی صدیوں میں مسلمان ربابیوں کی کئی نسلیں سِکھ گُروؤں اور گُردواروں میں شبد کیرتن پیش کرتی رہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان خاندانوں نے رباب کے علاوہ سِتار، سربہار اور دوسرے کلاسیکی سازوں میں بھی کمال حاصل کیا۔

اس گھرانے کے افراد کے ناموں کے ساتھ لفظ ’بھائی‘ کے خطاب کا استعمال بھی اُسی تاریخی اور تہذیبی تعلق کی یادگار ہے جس میں لفظ ’بھائی‘ محض خونی رشتے کا نام نہیں بلکہ مذہبی بھائی چارے، محبت اور احترام کا خطاب بھی رہا ہے۔ مسلمان ربابیوں کو بھی اسی احترام سے ’بھائی‘ کہا جاتا تھا۔فَتح علی خان کے خاندان کے افراد کے ناموں کے ساتھ اس خطاب کا استعمال بھی اسی مشترکہ موسیقیائی تہذیب کی نشانی تھا، جس میں مذہبی اختلاف کے باوجود فَن، عقیدت اور احترام کے رشتے قائم تھے۔

کپورتھلہ کا دُھرپد ربابی گھرانا پاکستان میں سِتار نوازی کی پانچ نمایاں خاندانی اور فَنّی روایتوں میں سے ایک شمار ہوتا ہے۔ باقی چار پونچھ، جے پور سینیہ، اندور اور دہلی کے گھرانے ہیں۔ ان مختلف گھرانوں کے فن کاروں نے پاکستان میں کلاسیکی سِتار نوازی کے الگ الگ اَسالیب کو زندہ رکھا اور اس کے فَنّی تنوع کو برقرار رکھا۔

پونچھ گھرانے کی نمائندگی اُستاد شریف خان پونچھ والے کرتے تھے، جنہوں نے سِتار نوازی میں اپنا منفرد انداز پیدا کیا، جبکہ جے پور سینیہ گھرانے کے ممتاز نمائندے اُستاد کبیر خان تھے، جن کی سِتار نوازی میں تان سین سے منسوب سینیہ روایت کی جھلک نمایاں تھی۔

اندور گھرانے کے سب سے ممتاز نمائندے اُستاد رئیس خان تھے، جو ۱۹۳۹ء میں اندور میں پیدا ہوئے اور ۱۹۸۶ء میں پاکستان منتقل ہوگئے۔ ان کا شمار برصغیر کے عظیم سِتار نوازوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے سِتار پر گائیکی کے انداز میں راگ پیش کرنے کو غیر معمولی مقبولیت دی۔ ان کے صاحبزادے فرحان خان بھی اسی فَنّی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

دہلی گھرانے کی سِتار نوازی کے ممتاز نمائندے اُستاد امداد حُسین خان تھے۔ ان کے والد اُستاد احمدی خان سارنگی نواز تھے، لیکن امداد حُسین خان نے سِتار کو اپنا ساز بنایا اور دہلی کی موسیقی کی روایت میں سِتار نوازی کا ایک مستقل سلسلہ قائم کیا۔ ان کے صاحبزادے اُستاد اخلاق حُسین خان اور پوتے طراب خان نے بھی اسی روایت کو آگے بڑھایا۔ اس گھرانے کی سِتار نوازی میں خیال گائیکی کی بندشوں کو ساز پر پیش کرنے کا مخصوص انداز نمایاں رہا۔

اُستاد فَتح علی خان اور ان کے بیٹے قیامِ پاکستان کے بعد بھی کپورتھلہ کی دُھرپد ربابی روایت کے امین بنے اور اپنی سِتار نوازی کے ذریعے اس قدیم فَنّی ورثے کو پاکستان میں اب تک زندہ رکھا ہوا ہے۔

اُستاد فَتح علی خان اوائلِ عُمری ہی میں سِتار بجانے میں غیر معمولی مہارت حاصل کرچکے تھے اور اس بات کا اہم دستاویزی ثبوت یہ ہے کہ ۱۹۴۲ء میں ان کی سِتار نوازی آل انڈیا ریڈیو لاہور کے پروگراموں میں شامل تھی۔

آل انڈیا ریڈیو کے سرکاری رسالے ‘دی انڈین لسنر’ کے مطابق ۴ جنوری ۱۹۴۲ء کو فتح علی خان آف پٹیالہ نے راگ لَلت، بھیروی اور درباری سِتار پر پیش کیے، جبکہ راگ بھیروں ’’سُربہار‘‘ پر بجایا۔ اسی سال ۱۲ اپریل کی نشریات میں ان کے نام سے راگ لَلت، دیسکار، بھوپالی اور سوہنی کی سِتار نوازی درج ہے۔ بعدازاں ۲۷ فروری ۱۹۴۴ء کے پروگرام میں بھی ان کی راگ پوربی کی پیشکش کا اندراج ملتا ہے۔

ان نشریات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُستاد فَتح علی خان نے اپنی جوانی ہی میں کلاسیکی موسیقی پر اس قدر عُبور حاصل کرلیا تھا کہ آل انڈیا ریڈیو جیسے معتبر نشریاتی ادارے میں انہیں باقاعدگی سے اپنے فَن کے مظاہرے کے مواقع مل رہے تھے۔ یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ وہ سِتار کے علاوہ ’سُربہار‘ بجانے میں بھی مہارت رکھتے تھے۔

’سُربہار‘ ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کا ایک قدیم تاردار ساز ہے، جسے سِتار کی ایک بڑی اور گہری آواز والی قسم بھی کہا جاتا ہے۔ ساخت میں سِتار سے مشابہ ہونے کے باوجود یہ نسبتاً بڑا اور بھاری ہوتا ہے اور اس کی آواز زیادہ گمبھیر اور پُروقار ہوتی ہے۔ اسے بالخصوص دُھرپد کی روایت کے مطابق راگ کے دھیمے اور تفصیلی الاپ کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔ اس ساز پر مہارت حاصل کرنا سِتار نوازی سے الگ ایک خاص مشق اور تربیت کا تقاضا کرتا ہے۔

موسیقی کی تاریخ پر تحقیق کرنے والے کئی ایک مصنفین کے مطابق کپورتھلہ کے دُھرپد ربابی گھرانے کے بیشتر افراد تقسیمِ ہند کے بعد لاہور میں آباد ہوئے اور انہوں نے فلمی صنعت اور ریڈیو سے وابستگی اختیار کرلی۔ تاہم اُستاد فَتح علی خان کی لاہور آمد کا زمانہ بٹوارے سے پہلے کا اس لیے بھی معلوم ہوتا ہے کہ ۱۹۴۲ء میں آل انڈیا ریڈیو لاہور سے ان کی سِتار نوازی کی نشریات کے علاوہ ۱۹۴۴ء میں انہوں نے ماسٹر غُلام حَیدر کے آرکسٹرا کے ساتھ لاہور ہی سے بمبئی کی طرف عارضی نقل مکانی کی تھی۔

البتہ یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ آیا اس زمانے تک ان کا پورا خاندان بھی پٹیالہ سے لاہور منتقل ہوچکا تھا، یا وہ خود اپنے فَنّی مشاغل کے سلسلے میں لاہور آچکے تھے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اُستاد فَتح علی خان نے لاہور میں اپنی فَنّی زندگی کا آغاز تقسیم سے پہلے کردیا ہو، جبکہ ان کے خاندان کی مستقل منتقلی بعد میں ہوئی ہو۔ تاہم دستیاب تاریخی حوالوں سے فی الحال ان امکانات میں سے کسی ایک کی قطعی تصدیق نہیں ہوتی۔

اُستاد فَتح علی خان کی فَنّی زندگی کا ایک اہم موڑ برِصغیر کے نامور موسیقار ماسٹر غُلام حَیدر کے سازندوں کے طائفے (Orchestra) سے وابستگی تھی، جہاں انہوں نے لاہور اور بعد میں بمبئی میں ایک طویل عرصے تک سِتار نواز کی حیثیت سے کام کیا۔ معروف نغمہ نگار ناظم پانی پتی کے مطابق ماسٹر غُلام حَیدر کا طریقۂ کار یہ تھا کہ کسی گیت کی دُھن تیار کرنے پر کم از کم چار دن صرف کرتے اور پھر اپنے سازندوں سے ایک ہفتے تک اس کی رِیاضت کرواتے تھے۔

ناظم پانی پتی کے مطابق موسیقی کے اسی منفرد اور محنت طلب ماحول میں فَتح علی خان کو نہ صرف فِلمی موسیقی کے طائفے کے ساتھ کام کرنے بلکہ گیتوں کی دُھنیں مُرتّب کرنے اور کلاسیکی موسیقی کو فِلمی موسیقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہوا۔

۱۹۴۴ء میں جب ماسٹر غُلام حَیدر نے لاہور سے بمبئی کا رُخ کیا تو یہ سمندری شہر برِصغیر کی فِلمی صنعت کا سب سے بڑا مرکز بن چکا تھا۔ ماسٹر غُلام حَیدر نے وہاں محبوب خان کی فِلم ‘ہمایوں’ (۱۹۴۵ء) سمیت کئی فِلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ اسی دور میں فَتح علی خان نے بھی فِلمی موسیقار کی حیثیت سے اپنی شناخت بنانا شروع کی۔ ۱۹۴۴ء کی فِلم ‘آئینہ’ کے موسیقاروں میں ان کا نام گُلشن صوفی کے ساتھ درج ہے، جبکہ ۱۹۴۷ء کی فِلم ‘ڈائریکٹر’ کی موسیقی انہوں نے لچھی رام کے ساتھ مل کر ترتیب دی۔ یوں سِتار نوازی کے ساتھ فِلمی موسیقی کی ترتیب بھی ان کی فَنّی زندگی کا حصہ بن گئی۔

قیامِ پاکستان کے بعد فَتح علی خان نے پاکستانی فِلموں کے لیے بھی موسیقی ترتیب دی۔ ان کی ابتدائی پاکستانی فِلموں میں ‘دو کنارے’ (۱۹۴۹ء) شامل تھی۔ بعد کے برسوں میں انہوں نے ‘بیداری’ (۱۹۵۷ء)، ‘ساتھی’ (۱۹۵۹ء) اور ‘تم نہ مانو’ (۱۹۶۱ء) جیسی فِلموں کی موسیقی مُرتّب کی۔

فِلم ‘بیداری’ کے دو نغموں ‘آؤ بچو، سیر کرائیں تم کو پاکستان کی’ اور ‘اے قائداعظم، تیرا احسان ہے احسان’ نے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔ خصوصاً ‘اے قائداعظم، تیرا احسان ہے احسان’ کی مقبولیت وقت گزرنے کے ساتھ کم نہیں ہوئی۔ آج بھی پاکستان بھر میں بانیٔ پاکستان قائداعظم مُحمّد علی جناح کے یومِ ولادت، ۲۵ دسمبر کو منعقد ہونے والی یومِ قائداعظم کی تقریبات میں یہ نغمہ بڑے اہتمام سے سنایا جاتا ہے۔ یوں تقریباً سات دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ دُھن پاکستانیوں کی اِجتماعی یادداشت کا حصہ بنی ہوئی ہے۔

فِلمی موسیقی میں کامیابیوں اور مقبول دُھنوں کی تخلیق کے باوجود اُستاد فَتح علی خان کی اصل دل چسپی سِتار نوازی ہی میں تھی۔ معروف موسیقی ناقد سَروَت علی کے مطابق، ان کا دل بنیادی طور پر سِتار میں رَما ہوا تھا اور یہی وجہ تھی کہ بالآخر انہوں نے فِلمی صنعت سے کنارہ کَشی اختیار کرلی اور لاہور کو خیرباد کہہ کر انہوں نے ۱۹۶۰ء میں راولپنڈی میں سُکونت اختیار کرلی، جہاں وہ ریڈیو پاکستان سے بطورِ اسٹاف آرٹسٹ وابستہ ہوگئے۔ یہ ان کی فَنّی زندگی کا ایک نیا دور تھا، جس میں انہوں نے اپنی توجہ ایک بار پھر کلاسیکی سِتار نوازی پر مرکوز کردی۔(بحوالہ: ‘سِتار تھرو ڈیکڈز’، دی نیوز، ۲۴ مئی ۲۰۱۵ء)

ریڈیو پاکستان سے وابستگی کے دوران ان کی فَنّی شناخت کا بنیادی حوالہ سِتار ہی رہا۔ کلاسیکی راگوں کی سولو پیشکش ان کے فَن کا نمایاں پہلو تھی۔ سِتار کے تاروں پر راگوں کی باریکیوں کو اُجاگر کرنے کا جو ہُنر انہوں نے بچپن میں اپنے تایا اُستاد محبوب علی سے سیکھا تھا، اب وہ پوری پُختگی کے ساتھ اس کا اظہار کررہے تھے۔ ان کی سِتار نوازی کا ایک اہم دستاویزی ثبوت ریڈیو پاکستان کے صوتی ذخیرے میں موجود ہے، جس میں راگ پیلو، ایمن، مہتابی اور پوریہ کی انفرادی پیشکشوں کا اندراج ملتا ہے۔ ایک دوسری ریکارڈنگ میں ان کا راگ ایمن، الاپ، گت اور جھالا کے ساتھ محفوظ ہے۔

۱۹۷۳ء میں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے قیام کے بعد اُستاد فَتح علی خان اس ادارے سے بھی وابستہ ہوئے، جہاں انہوں نے نوآموز فَن کاروں کو سِتار بجانے کی تربیت دی۔ ان کی فَنّی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں صدارتی تمغۂ حُسنِ کارکردگی سے بھی نوازا۔ یوں پٹیالہ کے ایک موسیقی نواز خاندان میں جنم لینے والے اس فن کار نے آل انڈیا ریڈیو سے لے کر فِلمی صنعت، ریڈیو پاکستان اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس تک اپنی زندگی کے مختلف اَدوار میں سِتار کے سُروں سے اپنا رشتہ برقرار رکھا اور کپورتھلہ کے دُھرپد ربابی گھرانے کی صدیوں پرانی فَنّی روایت کو زندہ رکھا۔

عُمر کے آخری حصے میں اُستاد فَتح علی خان کی قوّتِ سماعت اس قدر کمزور ہوچکی تھی کہ بلند آواز میں بات کرنے پر ہی انہیں سنائی دیتا تھا، لیکن سِتار سے ان کا رشتہ بدستور قائم رہا۔ ان کے صاحبزادے اُستاد رَئیس احمد خان نے اپنے ایک انٹرویو (بحوالہ: وی نیوز، ۲۶ اپریل ۲۰۲۳ء) میں بتایا کہ ان کے والد سِتار بجاتے ہوئے اس کی سُر ملانے والی چابی، جسے ‘ٹیوننگ کی’ کہتے ہیں، اپنے دانتوں میں دبا لیتے تھے، تاکہ تاروں کی لَرزش اور آواز کی باریکیوں کو محسوس کرسکیں۔

رَئیس احمد خان کے مطابق انہوں نے اپنے والد اُستاد فَتح علی خان کو سِتار سے باتیں کرتے ہوئے بھی دیکھا تھا۔ وہ کیا باتیں کرتے تھے، یہ خود اُستاد جانتے تھے یا ان کا سِتار۔ سُروں سے یہ غیر معمولی وابستگی ان کی فَقیرانہ طبیعت اور اپنے فَن سے بے پناہ محبت کا اظہار تھی۔

اُستاد فَتح علی خان نے اپنی فَنّی میراث اپنے بچوں کو بھی منتقل کی۔ ان کے نو بچے تھے، جن میں سے دو صاحبزادوں، نَفیس احمد خان اور رَئیس احمد خان نے موسیقی میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ بڑے صاحبزادے نَفیس احمد خان نے والد سے سِتار نوازی سیکھی، جبکہ رَئیس احمد خان نے وائلن کو اپنا ساز بنایا۔

اپنے بچوں کی تربیت میں اُستاد فَتح علی خان نہایت سخت گیر تھے۔ روزانہ چھ سے سات گھنٹے رِیاض کرواتے اور صبح سویرے سخت سردی میں بھی مشق سے کوئی رُو رِعایت نہ کرتے۔ نَفیس احمد خان کو کلائیوں میں بھاری کڑے پہن کر سِتار بجانے کی مشق کرائی جاتی تھی، تاکہ کڑے اُتارنے کے بعد انگلیوں کی حرکت میں مزید روانی پیدا ہو۔ اس سخت گیر اُستاد کے ساتھ ایک شفیق باپ بھی موجود تھا، جو رات گئے بچوں کو جگا کر دودھ جلیبی کھلاتا اور پھر انہیں سُلا دیتا تھا۔ بچوں کی والدہ بھی اس تربیت میں برابر کی شریک تھیں۔ وہ موسیقی کی تعلیم میں ان کی مدد کرتیں اور ساتھ ہی پانچ وقت کی نماز کی پابندی بھی کرواتی تھیں۔ اُستاد فَتح علی خان کے اِنتقال کے بعد انہوں نے بچوں کی تربیت اور پرورش کی ذمہ داریاں سنبھالے رکھیں۔

اُستاد فَتح علی خان کے دونوں صاحبزادوں نے اپنے والد کے فَنّی ورثے کو نہ صرف سنبھالا بلکہ اسے آگے بھی بڑھایا۔ سِتار نواز اُستاد نَفیس احمد خان کو ۲۰۱۲ء میں حکومتِ پاکستان نے تمغۂ امتیاز عطا کیا۔ وہ نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (NAPA) میں بھی موسیقی کی تعلیم و تربیت سے وابستہ رہے اور آج بھی سِتار نوازی کی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کے چھوٹے بھائی، نامور وائلن نواز اُستاد رَئیس احمد خان نے بھی اپنے فَن میں غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ انہیں ۲۰۰۷ء میں صدارتی تمغۂ حُسنِ کارکردگی، ۲۰۱۶ء میں ستارۂ امتیاز اور ۲۰۲۳ء میں ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔

اُستاد رَئیس احمد خان کی فَنّی زندگی کا ایک دل چسپ پہلو یہ بھی ہے کہ وہ پاکستان آنے والے غیر ملکی سربراہانِ مملکت کے اعزاز میں ایوانِ صدر اور وزیرِاعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھی وائلن بجاتے رہے ہیں۔ اسی انٹرویو میں ان کے اپنے بیان کے مطابق، گزشتہ چالیس برسوں میں انہوں نے تقریباً پچاس غیر ملکی سربراہانِ مملکت کے سامنے اپنے فَن کا مظاہرہ کیا۔ ان کی یہ بھی کوشش ہوتی تھی کہ جس ملک کا سربراہ پاکستان آرہا ہو، اس ملک کی کوئی معروف دُھن سیکھ کر اسے اپنے وائلن پر پیش کریں۔ اس طرح وہ نہ صرف پاکستان کی موسیقی بلکہ اپنے والد سے ورثے میں ملنے والی فَنّی روایت کو بھی عالمی سطح پر متعارف کراتے رہے۔

یوں اُستاد فَتح علی خان کا فَن ان کی وفات کے ساتھ ختم نہیں ہوا۔ کپورتھلہ کے دُھرپد ربابی گھرانے سے پٹیالہ، لاہور اور راولپنڈی تک پہنچنے والی سِتار نوازی کی یہ روایت ان کے صاحبزادوں کے ہاتھوں آج بھی زندہ ہے۔ وہ خود تو ۲۳ نومبر ۱۹۸۱ء کو اس دُنیا سے رُخصت ہوگئے، لیکن سِتار کے جن تاروں سے وہ باتیں کیا کرتے تھے، ان کی گونج آج بھی ان کے خاندان کے سازوں میں سنائی دیتی ہے۔

ریڈیو پاکستان اپنے سابق اسٹاف آرٹسٹ، برِصغیر کے نامور سِتار نواز اُستاد فَتح علی خان کو ان کی پینتالیسویں برسی پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

تحریر: سعید احمد شیخ، ڈی جی ریڈیو پاکستان