Monday, 09 November 2026, 09:16:52 pm
 

مزید خبریں

 
ماسٹر غُلام حَیدر: اچُھوتی دُھنوں کے معمار، نئی آوازوں کے رہنما اور کئی منفرد اعزازات کے حامل عظیم موسیقار
November 09, 2026

ماسٹر غُلام حَیدر

اچُھوتی دُھنوں کے معمار، نئی آوازوں کے رہنما اور کئی منفرد اعزازات کے حامل موسیقار

(برسی کی مُناسبت سے خصوصی تحریر)

وہ صِرف سَینتالیس بَرس (۱۹۰۶ء تا ۱۹۵۳ء) جِیا مگر اِس نِسبتاً مُختصر زِندگی میں اُس نے کئی ایک اِعزازات اپنے نام کئے۔ اُسے حاصِل ہونے والا پہلا اِعزاز یہ تھا کہ اُس نے پہلی ‘کھڑکی توڑ’ پنجابی فِلم اور پہلی ہی ‘کھڑکی توڑ‘ اُردو فِلم کی موسیقی ترتیب دی۔

انگریزی زبان میں ’بَلاک بَسٹر‘ (Blockbuster)کہلوانے والی فلموں کو ہمارے ہاں عام طور پر ‘کھڑکی توڑ’ فلمیں کہا جاتا ہے ، یعنی وہ فلمیں جنہیں اس قدر غَیرمعمولی عوامی مقبولیت اور تِجارتی کامیابی حاصِل ہو کہ فلم بینوں کا اژدھام یا بھیڑ اُن کا ٹکٹ خریدنے کیلئے، سینما گھروں کی ٹکٹ والی کھڑکیاں تک توڑ ڈالے ۔

پاک و ہند کی فلمی تاریخ میں ‘گُل بَکاؤلی’ (۱۹۳۹ء) کو پہلی پنجابی اور ‘خَزانچی’ (۱۹۴۱ء) کو پہلی اُردو بَلاک بَسٹر قرار دیا جاتا ہے اور اِن دونوں فلموں کی موسیقی اُسی نے ترتیب دی تھی ۔

دوسرا اِعزاز یہ کہ وہ پہلا فلمی مُوسیقار تھا جس کے فلمی پوسٹر پر ، اس کے نام کے ساتھ ’پیٹی ماسٹر‘کے بجائے ’میوزک ڈائریکٹر‘ کا شناختی عہدہ لکھا گیا ۔ فلموں کے اُس ابتدائی دَور میں موسیقار کیونکہ ہارمونیم (جسے مقامی زبانوں میں ‘پیٹی’ کہا جاتا تھا) پر دُھن بجا کر سازندوں کو اُس دُھن کے خدوخال سمجھاتے تھے، اِس لیے اُنہیں عموما ’پیٹی ماسٹر‘ کہا جاتا تھا، مگر اُس نے خود کو اپنے فن کی طاقت سے ’میوزک ڈائریکٹر‘ لکھوایا ، کہلوایا اورمنوایا۔

اُسے حاصل ہونیوالا تیسرا منفرد اِعزاز یہ تھا کہ وہ اپنے زمانے کا سب سے زیادہ مُعاوضہ لینے والا فلمی موسیقار بنا۔ ۱۹۴۵ء میں بننے والی فِلم ‘ہُمایوں’ کی موسیقی ترتیب دینے کے لیے اُس نے ایک لاکھ روپے معاوضہ مانگا اور فِلمساز محبوب خان نے بالآخر اُسے پچھتّر ہزار روپے پر راضی کیا۔اُس زمانے میں معروف موسیقار بھی کسی فلم کی موسیقی کا عموماً دس ہزار روپے تک معاوضہ لیتے تھے، مگر اُس نے اپنے عہد کے دیگر فلمی موسیقاروں کے مقابلے ساڑھے سات گنا معاوضہ وصول کرکے اپنی فنی قدر و قیمت پر مہرِ تصدیق ثبت کروائی ۔

اُس کا چوتھا اِعزاز یہ رہا کہ اُس نے اپنی مختصر فنی زندگی میں کئی نو آموز خواتین گلوکاراؤں کی صلاحیت پہچان کر اُنہیں اپنی ذاتی کوششوں اور کاوشوں سے فلمی گائیکی کے مواقع دے اور دلوا کر لیجنڈز کے مقام تک پہنچایا۔ اِن میں نورجہاں، شمشاد بیگم، لتا منگیشکر، امراؤ ضیا بیگم اور زینت بیگم وغیرہ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔یہ سب گلوکارائیں تمام عمر اُس کے احسانات کا چرچا کرتی رہیں اور یہی کہتی رہیں کہ وہ نہ ہوتے تو ہمیں کون آگے آنے دیتا۔

اُسے ملنے والا پانچواں اِعزاز یہ تھا کہ اُس کی بنائی ہوئی دُھن پر پہلی بار ایک خاتون کی آواز میں نعتیہ کلام آل انڈیا ریڈیو کے لاہور اسٹیشن سے نشر ہوا۔قبل ازیں صرف دہلی کے ریڈیو اسٹیشن سے ایک خاتون کی آواز میں نعت نشر ہوئی تھی۔

اُس نے نعت ’پیغامِ صبا لائی ہے گُلزارِ نبیؐ سے‘ کی دُھن ۱۹۳۷ء میں ترتیب دی اور اسے شمشاد بیگم کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا۔ یہ نعت تقریباً نو دہائیوں سے مقبولِ عام چلی آ رہی ہے اور آج بھی محافلِ نعت میں یہ اُسی ابتدائی طرز اور لَے کے ساتھ خشوع و خضوع کے ساتھ پڑھی جاتی ہے۔

اُسے ملنے والا چھٹا اِعزاز یہ تھا کہ اُس نے پنجاب کی لوک دُھنوں اور تالوں کو فلمی موسیقی میں نمایاں جگہ دے کر فلمی گیتوں کو ایک نیا انداز بخشا۔ اُس نے ڈھول، ڈھولک، مَٹکا اور دَف جیسے لوک سازوں کو فلمی موسیقی میں کچھ ایسے اچھوتے انداز سے جگہ دی کہ فلمی گیتوں کی سُر اور تال بدلنے لگی اور اُن میں عوامی رنگ نمایاں ہوتا گیا۔

ساتواں اِعزاز ، جو اسے حاصل ہوا ، وہ یہ تھا کہ اُس نے فلمی گیتوں کا ایک قطعی نیا اور منفرد سانچا ترتیب دیا ۔اِس سانچے میں پہلے موسیقی کا آغاز، پھر مُکھڑا، درمیان میں بار پیس، اور اَنتروں سے پہلے موسیقی کے ٹکڑے آتے ہیں۔ نوے سال گزر جانے کے باوجود فلمی گیتوں کا یہی سانچا آج تک مستعمل چلا آ رہا ہے۔

اُسے ملنے والا آٹھواں اِعزاز یہ تھا کہ اُسی کو پہلی بار’موسیقارِ اعظم‘ کا خطاب دیا گیا۔ بعد کے چند ایک اور موسیقاروں کو بھی یہ خطاب ملا، مگر پہلی بار یہ اُسی کے حصے میں آیا۔

یہ سبھی منفرد اعزازات اپنے نام کرنے والے موسیقار ، ماسٹر غلام حیدر تھے، جن کی ۷۳ویں برسی آج، ۹ نومبر ۲۰۲۶ء کو منائی جا رہی ہے۔ وہ ۹ نومبر ۱۹۵۳ء کو سرطان کے باعث وفات پا گئے تھے اور لاہور میں سپردِ خاک ہوئے۔

ماسٹر غلام حیدر ۱۹۰۶ء میں بلاس علی خان کے گھر پیدا ہوئے۔ بعض تذکروں میں اُن کا سالِ پیدائش ۱۹۰۸ء بھی درج ہے۔ اُن کے والد کا تعلق رَبابی موسیقاروں کے گھرانے سے تھا اور وہ سازندوں اور گویوں میں ’بھائی مہر‘ کے نام سے معروف تھے۔

’ربابی‘ تاریخی طور پر اُن مسلمان موروثی موسیقاروں کو کہا جاتا ہے جو گائیکی اور ساز کے ذریعے سکھ مذہبی موسیقی، بالخصوص کیرتن، پیش کرتے تھے۔ بابا گُرو نانک کے ساتھی اور رباب نواز ’بھائی مردانہ‘ کو ربابی موسیقی کی روایت کی بنیاد رکھنے والوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ایک سِکھ لوک روایت اُن کے نام ’مردانہ‘ کو ’مَردا نا‘، یعنی ’نہیں مرے گا‘، سے جوڑتی ہے ۔ بعض رَبابی خاندان اپنا سلسلہء نسب بھائی مردانہ سے، جبکہ بعض اُن کے شاگردوں سے جوڑتے ہیں۔

غلام حیدر کی جائے پیدائش کے بارے میں اختلاف ملتا ہے؛ بعض تذکروں میں نارووال درج ہے۔ امریکہ میں مقیم پنجابی مصنف اور فلمی موسیقی پر لکھنے والے مضمون نگار ہرجپ سنگھ اوجلا نے اپنے مضمون میں بھائی پرتاپ سنگھ کے حوالے سے یہ روایت نقل کی کہ غلام حیدر امرتسر کے اندرونِ شہر، گولڈن ٹیمپل کے نزدیک پیدا ہوئے اور وہیں اُن کی پرورش ہوئی ۔ تاہم اِن روایتوں کے برعکس، ماسٹر غلام حیدر کے بیٹے پرویز حیدر کے بیان کے مطابق اُن کے والد حیدرآباد (سندھ) میں پیدا ہوئے تھے۔

غلام حیدر کو بچپن ہی سے موسیقی سیکھنے کا شوق تھا۔ ایک سوانح کے مطابق، انہوں نے مہر بخش سے طبلے کی تربیت حاصل کی ، بیبے خان سے کلاسیکی موسیقی کے اسرار و رموز جانے اور ہری داس سے ہارمونیم بجانا سیکھا۔ بعد ازاں کلکتہ میں بابو گنیش لال سے بھی موسیقی کی مزید تعلیم لی۔سنتو خان پکھاوجی اور استاد جھنڈے خان سے بھی اُن کے اکتسابِ فن کا تذکرہ ملتا ہے ۔

غلام حیدر نے حصولِ معاش کے لیے دندان سازی کی تعلیم حاصل کی۔ کچھ عرصہ ڈینٹسٹ کے طور پر کام کیا اور اپنا کلینک بھی چلایا۔ تاہم ایک دوسری روایت کے مطابق، اُن کے پاس دندان سازی کا کوئی باقاعدہ ڈپلومہ یا ڈگری نہیں تھی، بلکہ وہ ایک دندان ساز کے کلینک میں ملازمت کرتے تھے۔

پرویز حیدر کے بیان کے مطابق، ایک روز فلم ساز اور پنچولی اسٹوڈیوز کے مالک سیٹھ دل سکھ پنچولی دانتوں کے علاج کے لیے غلام حیدر کے پاس آئے۔ باتوں باتوں میں پنچولی نے بتایا کہ انہیں اپنی فلم کے لیے موسیقی ترتیب دینے والا شخص درکار ہے۔ غلام حیدر نے وہیں ہارمونیم نکالا اور اپنی بنائی ہوئی کئی دُھنیں انہیں سُنا دیں۔ پنچولی اُن کے فن سے متاثر ہوئے اور اُنہیں اپنے اسٹوڈیو کے شعبۂ موسیقی کا سربراہ مقرر کر دیا۔ یوں اُن کا فلمی موسیقی سے باقاعدہ تعلق قائم ہوا۔

تاہم اس روایت میں ایک جھول یہ ہے کہ پنچولی کا سٹوڈیو لاہور میں تھا جبکہ مستند روایات غلام حیدر کے حیدرآباد سے کلکتہ پہنچنے کی تائید میں ہیں ؛ لاہور میں اُن کی آمد ۱۹۳۲ء کے بعد ثابت ہوتی ہے ۔

غلام حیدر دندان سازی کا کام ترک کرکے ۱۹۲۹ء یا ۱۹۳۰ء میں کلکتہ پہنچے اور پہلے پہل یہاں کی ‘الفریڈ تھیٹریکل کمپنی’ اور پھر ‘الیگزینڈرا تھیٹریکل کمپنی’ میں کام شروع کیا۔گوکہ وہ یہاں ہارمونیم نواز تھے تاہم تھیٹر کے ماحول نے اُنہیں گیتوں اور اسٹیج موسیقی کا ایک ایسا عملی تجربہ دیا جو آگے چل کر اُن کے ایک بڑے موسیقار بننے کی سبیل بنا۔ موسیقار پنڈت بابو گنیش لال سے بھی اُن کا تعلق یہیں کلکتہ ہی میں بنا۔

۱۹۳۲ء میں غلام حیدر کلکتہ سے لاہور آگئے اور یہاں کی ‘جینوفون ریکارڈنگ کمپنی’ سے وابستہ ہوئے۔اُن کی خوش قسمتی کہ اُستاد جھنڈے خان، پنڈت اَمرناتھ اور جی اے چشتی بھی اِسی کمپنی میں کام کرتے تھے ۔ وہ کچھ عرصہ اُستاد جھنڈے خان کے معاون بھی رہے۔

نابغہء روزگار اُستاد جھنڈے کی نگرانی اور شاگردی نے غلام حیدر کے فن کو حقیقی معنوں میں جِلا بخشی ۔ اُنہوں نے پہلے اُردو اور پنجابی کے غیر فلمی گیتوں اور نعتوں کی دُھنیں بنائیں اور پھر فلمی موسیقی کے میدان میں وَارد ہوگئے ۔ اب وہ ‘ماسٹر غلام حیدر’ کہلائے جانے لگے تھے ۔

ماسٹر غلام حیدر کی ابتدائی فلموں میں ’سورگ کی سیڑھی‘ (۱۹۳۵ء) اور ’مجنوں‘ (۱۹۳۵ء ) شامل ہیں۔ فلم’سورگ کی سیڑھی‘ کی دُھنیں ترتیب دینے کے دوران اُن کی قربت گلوکارہ امراؤ ضیا بیگم سے بڑھی جو بالآخر ۱۹۳۵ء کے اِسی سال میں شادی پر منتج ہوئی۔

۱۹۳۹ء کی فلم ’گل بکاؤلی‘ کے لیے ماسٹر غلام حیدر نے کم سن نورجہاں، جو اُن دنوں ‘بے بی نورجہاں’ کہلاتی تھیں ، کی آواز کی چاشنی کو بھانپ کر اُنہیں فلم میں لینے کے لیے دل سکھ پنچولی سے سفارش کی۔ اسی فلم میں نورجہاں کا گایا ہوا گیت ’شالا جوانیاں مانے‘ بہت مقبول ہوا اور یہیں سے اِس گائیکہ کا شاندار فنی عروج شروع ہوا۔

اس دور کی دوسری بڑی گلوکارہ شمشاد بیگم کا آڈیشن بھی ماسٹر غلام حیدر نے ‘جینوفون گرامون کمپنی’ میں لیا اور اُنہیں غیر فلمی گیتوں اور نعتوں کی ریکارڈنگ کا موقع دیا۔ ایک اور روایت کے مطابق انہوں نے شمشاد کی آواز ریڈیو لاہور پر سُنی اور پھر انہیں فلمی گائیکی میں موقع دیا۔ ’یملا جٹ‘ اور ’خزانچی‘ کے گیتوں نے شمشاد بیگم کو وسیع شہرت دلائی۔ اُن کی پڑھی ہوئی نعت ’پیغامِ صبا لائی ہے گلزارِ نبیؐ سے‘ نے بھی مقبولیت کی انتہاء کو چُھوا اور ۱۹۳۹ء کے بعد کے سالوں میں یہ تواتر کے ساتھ ریڈیو لاہور سے نشر ہوتی رہی ۔

لاہور میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد ماسٹر غلام حیدر ۱۹۴۴ء میں فلمساز محبوب خان کی دعوت پر بمبئی منتقل ہوگئے۔یہاں انہوں نے ’چل چل رے نوجوان‘، ’پھول‘، ’ہمایوں‘، ’بیرم خان‘، ’شمع‘، ’جگ بیتی‘، ’مہندی‘، ’شہید‘ اور ’مجبور‘ جیسی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

فلم ’ہمایوں‘ کا گیت ’نیناں بھر آئے نیر‘، فلم ’شمع‘ کا گیت ’ایک تیرا سہارا‘ اور فلم ’شہید‘ کا ملی نغمہ ’وطن کی راہ میں وطن کے نوجوان شہید ہو‘ اس دور کی ماسٹر غلام حیدر کی یادگار موسیقائی تخلیقات میں شمار ہوتے ہیں۔فلم ’مجبور‘ کا گیت ’دل میرا توڑا، مجھے کہیں کا نہ چھوڑا‘ لتا منگیشکر کی زندگی کا بھی اہم موڑ ثابت ہوا اور وہ ایک اداکارہ سے پاک و ہند کی اُبھرتی ہوئی گلوکارہ کے طور پر پہچانی جانے لگیں ۔وہ ماسٹر غلام حیدر کو اپنا ‘گاڈ فاردر’ کہتی تھیں اور پوری زندگی اُن کے زیر احسان ہونے کا برملا اظہار کرتی رہیں ۔

۱۹۴۷ء کے بٹوارے کے بعد ماسٹر غلام حیدر بمبئی سے واپس لاہور آگئے اور چونا منڈی میں رہائش اختیار کی۔ اس شہرِ بے مثال میں اُنہوں نے ایس نذیر اجمیری اور اداکار ایس گل کے ساتھ مل کر ایک ادارہ ’فلم ساز‘ قائم کیا اور ’شاہدہ‘، ’بے قرار‘، ’اکیلی‘، ’بھیگی پلکیں‘، ’غلام‘ اور ’گلنار‘ کی موسیقی ترتیب دی۔

فلم ’گلنار‘ کا گیت ’لو چل دیے وہ ہم کو تسلی دیے بغیر‘ ماسٹر غلام حیدر کے آخری دور کی نمایاں دھنوں میں سے تھا۔ شومئی قسمت سے یہ اُن کی آخری فلم ثابت ہوئی اور اس کی نمائش کے چند روز بعد، ۹ نومبر ۱۹۵۳ء کو، وہ سرطان کے باعث ملکِ عدم کو سدھار گئے۔

ماسٹر غلام حیدر کو بجا طور پر اَچھوتی دُھنوں کا معمار، نئی آوازوں کا رہنما اور عظیم موسیقار قرار دیا جاتا ہے۔ اُن کی ترتیب دی ہوئی دُھنوں میں پنجاب کی مٹی کی خُوشبو اور عوامی لَے صاف سنائی دیتی تھی۔ اُن کا بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے لوک تال کو محض پس منظر میں رکھنے کے بجائے اسے اپنی دُھنوں کی جان بنایا۔ ڈھولک کی تھاپ پر سُروں کی روانی بٹھانا کوئی معمولی کام نہ تھا، مگر وہ یہ کام بڑی مہارت سے کرتے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ اُن کے گیت کانوں کو مانوس لگتے تھے اور اپنی تازگی اور چُستی سے سننے والے کو فوراً اپنی طرف کھینچ لیتے تھے۔

ماسٹر غلام حیدر کی موسیقی کا ایک اور وصف دُھن کی پوری بناوٹ پر اُن کی مضبوط گرفت تھی۔ گیت کے آغاز کا سازینہ، مُکھڑے تک پہنچانے والی سُریلی تمہید اور بندوں کے بیچ بجنے والے مختصر سازینے، سب مل کر گیت میں حرکت اور رنگ پیدا کرتے تھے۔ وہ گیت کے بول، گلوکار کی آواز اور تال کو یوں یکجا کرتے کہ گیت ختم ہونے کے بعد بھی اُس کی لَے اور سُر ذہن میں گونجتے رہتے۔

ماسٹر غلام حیدر گیت کے بولوں کے مزاج اور گلوکار کی آواز کو سامنے رکھ کر دُھن بناتے تھے۔ اُن کے سُر گیت کے بولوں پر یوں بیٹھتے کہ لفظوں کی ادائیگی صاف رہتی اور جذبہ بھی پوری طرح اُبھر کر سامنے آتا۔ کہیں تیز لَے گیت میں شوخی اور جوش پیدا کرتی، تو کہیں نرم سُر محبت یا درد کی کیفیت کو نمایاں کرتے تھے۔ اسی توازن نے اُن کے گیتوں کو دل نشیں بنایا۔

گلوکاروں کی تربیت میں بھی ماسٹر غلام حیدر کی توجہ محض سُر اور دُھن تک محدود نہیں رہتی تھی؛ وہ اُنہیں گیت کے بولوں کا مفہوم سمجھاتے، ہر لفظ صاف ادا کرنے اور تال کی ضرب پر آنے والے لفظ کو نمایاں کرنے کا گُر سکھاتے تھے۔ گلوکاروں سے کہتے کہ گیت کی خوشی یا دکھ کو خود محسوس کریں، تاکہ وہ کیفیت اُن کی آواز میں بھی اُترے۔

ملکہ ترنم نورجہاں نے بارہا یہ تسلیم کیا کہ ماسٹر غلام حیدر نے ہی اُنہیں مائیک کے سامنے گانے، الفاظ کی ادائیگی اور گاتے ہوئے سانس لینے کے آداب سکھائے۔ لتا منگیشکربھی اُن کی یہ ہدایت عمر بھر یاد رکھ کر گاتی رہیں کہ کس لفظ پر زور دینا ہے اور کس لفظ کو نرمی سے ادا کرنا ہے۔وہ بہت سوں کے اُستاد اور رہنما تھے۔

ہر فنکار اس دنیا میں آتا ہے، اپنے فن کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں جگہ بناتا ہے اور پھر رُخصت ہو جاتا ہے، مگر اُس کے فن پارے اُس کی یاد کو زندہ رکھتے ہیں۔ ماسٹر غلام حیدر کی ترتیب دی ہوئی کئی دُھنیں آج بھی سامعین کے دلوں میں گونجتی اور کانوں میں رس گھولتی ہیں۔ بالخصوص شمشاد بیگم کی آواز میں گائی گئی نعت ’پیغامِ صبا لائی ہے گلزارِ نبیؐ سے‘ کی دُھن اُن کے فن کا ایسا یادگار نمونہ ہے جو مدتوں زندہ رہے گا۔

ریڈیو پاکستان، پاک وہند کے اِس عظیم اور بے مثل موسیقار اور دُھن ساز، ماسٹر غُلام حَیدر، کو اُن کی برسی کے موقع پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

تحریر: سعید احمد شیخ، ڈی جی ریڈیو پاکستان