Thursday, 29 October 2026, 04:00:52 pm
 
وزیراعظم کی اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد کی ہدایت
October 28, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے تمام سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے، نصاب، اساتذہ کی تربیت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی نظامت تعلیم کو مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں طلبہ کی مناسب غذائی نشوونما یقینی بنانے کے لیے مفت دوپہر کے کھانے کا پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کو درپیش مسائل ایک ہفتے میں حل کریں۔

انہوں نے سرکاری اسکولوں میں شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے، جسمانی طور پر معذور طلبہ کے لیے ریمپ تعمیر کرنے اور اسکولوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔