بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پولیس کے محکمے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور اسے دورِ حاضر کی ڈیجیٹل سہولیات سے لیس کیا جا رہا ہے۔
آج کوئٹہ میں بلوچستان پولیس کے ڈیجیٹل اقدامات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے آٹھ نئی اسمارٹ فون ایپلی کیشنز متعارف کرائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ ایپلی کیشن کا اجرا قابلِ ستائش اقدام ہے جس کا مقصد کام کی جگہوں، سڑکوں اور دیگر عوامی مقامات پر ان کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ میرسرفراز بگٹی نے بلوچستان پولیس میں ڈیجیٹل اقدامات مزید بہتر بنانے کے لیے پانچ کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔