پاکستان پیر کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شروع ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہانِ مملکت کونسل کے دو روزہ سربراہ اجلاس کے بعد ایک سال کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے آج اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف تنظیم کی سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک کا دورہ کریں گے اور کرغز قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت کی اہم خصوصیت اگلے سال اسلام آباد میں ہونے والا تنظیم کا سربراہ اجلاس ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغان عبوری حکومت کے وزیر داخلہ کی جانب سے متنازع مسائل کے حل کے لیے ایک مخصوص دوطرفہ طریقہ کار کی تجویز کاجائزہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریاستی سطح پر مذاکرات کیلئے تیار ہے۔
تاہم کسی بھی طریقہ کار کے مؤثر ہونے کا انحصار محض زبانی یقین دہانیوں کی بجائے ٹھوس اقدامات پر ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ افغانستان کو دوحہ لائحہ عمل کے تحت اپنے بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنا ہوگا اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ مخالف عناصر بالخصوص ٹی ٹی پی اور بی ایل اے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہ کریں۔