وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری میں امن قائم کرنے والے ملک کے طور پر نمایاں مقام رکھتا ہے۔
وہ آج صبح پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 125ویں مڈشپ مین اور 33ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی، جو خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کا مظہر ہے۔
شہباز شریف نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تمام فریقوں کو امن اور ہم آہنگی کی راہ پر لانے کے لیے انتھک کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے نئے کمیشن حاصل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی لگن کو سراہا اور انہیں پیشہ ورانہ مہارت، بہادری، نظم و ضبط اور حب الوطنی کی اعلیٰ روایات برقرار رکھنے کی تلقین کی۔
انہوں نے ملک کا بحری دفاع یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت بدستور جاری رکھے گا۔