Sunday, 28 June 2026, 12:43:02 am
 
ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے
June 27, 2026

فائل فوٹو

آج صبح بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پانچ اعشاریہ ایک شدت کا درمیانے درجے کا زلزلہ آیا جبکہ آج شام ملک کے دیگر کئی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے مطابق زلزلے کے جھٹکے موسی خیل، بارکھان، رکھنی اور کوہلو میں محسوس کیے گئے۔ ریڈیو پاکستان کوئٹہ کے نمائندے کے مطابق ضلع موسی خیل کی تحصیل کنگری میں انیس افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ ایک سو بیس مکانات کو نقصان پہنچا۔

زلزلے کے فوری بعد ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کے علاج کے لیے مفت طبی کیمپ قائم کیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں میں خیمے، بستر، سولر لائٹس، گیس سلنڈر، مچھر دانیاں اور دیگر ضروری سامان بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب آج شام اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی پانچ اعشاریہ نو شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ تاہم تاحال ان علاقوں سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔