Thursday, 26 November 2026, 07:30:23 pm
 
انتہا پسند بھارتی فلمی حلقوں کی بوکھلاہٹ، پاکستانی فن اور ثقافت سے بھی خوفزدہ
November 26, 2026

پاکستانی فن اور ثقافت کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت نے بھارتی فلمی حلقوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے، جہاں پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی ریلیز سے قبل ہی اس کی نمائش روکنے کے مطالبات سامنے آنے لگے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر نیٹ فلکس پر پاکستانی سیریز کی نمائش روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں پاکستانی مواد پر پابندی کے لیے قانون سازی اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق بھارتی فلمی تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ سیریز میں شامل متعدد پاکستانی اداکار ماضی میں بھارت مخالف بیانات دے چکے ہیں۔نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی پہلی قسط 4 دسمبر کو نشر کی جائے گی۔

دوسری جانب ریپبلکن ٹی وی کے مطابق بنگلورو میں پاکستانی ڈرامہ سیریل درِ نجات کی واچ پارٹی بھی ریاستی مداخلت کے بعد منسوخ کر دی گئی تھی۔

شوبز سے وابستہ شخصیات کا کہنا ہے کہ پاکستانی مواد کی نمائش روکنے کے مطالبات بھارتی فلمی حلقوں کی ثقافتی تنگ نظری کو ظاہر کرتے ہیں، جہاں فن اور ادب کو بھی سیاسی اختلافات اور نفرت کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق بھارت میں مقبول پاکستانی مواد پر پابندی لگانے کی کوشش فن اور ثقافت کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے مترادف ہے۔

شوبز شخصیات نے مودی حکومت کے ان اقدامات کے تناظر میں پاکستان میں نیٹ فلکس اور دیگر پلیٹ فارمز پر موجود بھارتی فلموں اور شوز کے حوالے سے جوابی پابندیوں کی تجویز بھی پیش کی ہے۔