Tuesday, 27 October 2026, 01:46:31 pm
 
سینیٹ نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں متفقہ قرارداد منظور کر لی
October 26, 2026

سینیٹ نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں کل منائے جانے والے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔

قرارداد امور کشمیر و گلگت بلتستان کے وزیر انجینئر امیر مقام نے پیش کی۔

قرارداد میں بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پُرامن طور پر حل کرنے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

قرارداد میں پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کی امنگوں اور ان کے حقِ خودارادیت کا احترام کیے بغیر تنازع کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل ممکن نہیں۔

ایوان نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ان کے حقِ خودارادیت کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔