Tuesday, 27 October 2026, 01:45:37 pm
 
پاکستان کا چین کے ساتھ سدابہار تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
October 26, 2026

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے ساتھ سدابہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ سے گفتگو کر رہے تھے۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے ترجمانوں کے مذاکرات میں شرکت کے لیے ماؤ ننگ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر باقاعدگی سے مشاورت اور تبادلوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ترجمانوں کے مذاکرات ذرائع ابلاغ کے درمیان تعاون، تزویراتی روابط اور عوامی سفارت کاری کو فروغ دینے، باہمی مفاہمت بڑھانے اور دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پاکستان کے ساتھ قریبی شراکت داری کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔