بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آج یوم سیاہ کے سلسلے میں اسلام آباد میں شاہراہ دستورپر ایک ریلی نکالی گئی۔
ریلی دفتر خارجہ سے شروع ہو کر ڈی چوک پر ختم ہوئی۔
زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلی میں شرکت کی۔
نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے ڈی چوک پر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کشمیری بھائی بہنوں کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت عالمی فورمز پر مسئلہ جموں و کشمیر اٹھایا ہے۔
اُمور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کا حل ضروری ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو نہیں دبا سکتے۔