وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ایس ڈی پی کے انیس منصوبوں پر اس وقت عمل درآمد جاری ہے۔
وہ آج قومی اسمبلی میں وقفۂ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات ان منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملک میں کھاد کی کوئی قلت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھاد کے تمام کارخانے مکمل طور پر فعال ہیں اور کسانوں کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت خطے کی سکیورٹی صورتِ حال کے باعث قیمتوں میں اضافے سے نمٹنے کے لیے مائع پٹرولیم گیس کی درآمد کے متبادل ذرائع تلاش کر رہی ہے۔
قومی اسمبلی نے آج چھ بل بھی منظور کیے۔ ایوان کا اجلاس اب کل صبح گیارہ بجے ہوگا۔