رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار برقرار رہے ہیں، جن میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، برآمدات اور سرمایہ کاری میں بڑھوتری، ملکی قرضوں کی درجہ بندی میں بہتری، نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں توسیع اور اصلاحات میں پیشرفت شامل ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق، ملک کے مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے اکیس ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
برآمدات گیارہ فیصد اضافے کے ساتھ گیارہ ارب بیس کروڑ ڈالر جبکہ ترسیلات زر دس ارب نوے کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بیس فیصد اضافہ کیساتھ بڑھ کر72 کروڑ ڈالر ہوگئی، جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد چھ لاکھ چھپن ہزار سے تجاوز کرگئی۔
رپورٹ میں پاکستان کے خودمختار قرضوں کی درجہ بندی کے منظرنامے میں بہتری کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ بین الاقوامی درجہ بندی کے تینوں بڑے اداروں نے مستحکم درجہ بندی کو برقرار رکھا ہے۔