پاکستان نے سعودی عرب میں مقدس مقامات کے نواحی علاقوں سمیت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پر حوثی بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ یہ قابلِ مذمت حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کا تقدس پامال کرنے اور شہریوں کی سلامتی کو نظرانداز کرنے کا واضح ثبوت ہیں۔
ترجمان نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکہ اتحاد کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت یا خطرے کے خلاف حرمین شریفین کے تحفظ سمیت سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان حملوں کو ناکام بنانے میں سعودی فضائی دفاعی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھی معترف ہے۔