Tuesday, 27 October 2026, 11:38:52 am
 
ایس آئی ایف سی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ہارون اختر
October 26, 2026

صنعت و پیداوار کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے یہ بات آج لاہور میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ملک میں کاروبار کے فروغ کی خواہاں ہے۔

مشیر نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

اس موقع پر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی کاروبار کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور صوبے میں ون ونڈو آپریشن متعارف کرا کے کاروباری شعبے کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔