فائل فوٹو
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس سے خطاب کے دوران اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا موقف اجاگر کرنے پر سیاسی تجزیہ کاروں، سفارتکاروں اور ماہرین تعلیم نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایک پریس ریلیز میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم کے خطاب میں اہم امور پر پاکستان کا موقف موثر انداز میں پیش کیا گیا اور پاکستانی قوم، عالم اسلام اور حرمین شریفین سے گہری عقیدت رکھنے والے لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کی گئی۔
انہوں نے خاص طور پر وزیراعظم کی جانب سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کو سراہا۔
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور بین الاقوامی تنظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی برادری کے سامنے فلسطین، کشمیر اور سعودی عرب کے مقدس مقامات کی سلامتی اور تقدس کے بارے میں پاکستان کا دیرینہ موقف واضح انداز میں پیش کیا۔
پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت و ابلاغ عامہ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر شاہجہاں سید نے وزیراعظم کے خطاب کو سفارتی روابط میں ایک موثر طرز عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی طریقے پیش کیے گئے۔
سابق سفیر منظور الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے خطاب میں بڑے عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان کا موقف جامع انداز میں پیش کیا گیا۔