پاکستان نے دولت مشترکہ کے بانی رکن کی حیثیت سے اس تنظیم کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے لندن میں دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی بوٹچوے سے ملاقات کے دوران اس عزم کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے تنظیم کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور آفات سے نمٹنے میں پاکستان کی مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک ان شعبوں میں پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے دولت مشترکہ کے ’’ڈیزاسٹر ریزیلینس ہب‘‘ کی میزبانی کی پاکستان کی پیشکش کا بھی اعادہ کیا۔
دونوں فریقوں نے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی غرض سے دولت مشترکہ کے تمام رکن ممالک میں نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل کو مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن کے لیے ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کا بھی ذکر کیا۔
شرلی بوٹچوے نے تباہ کن جنگ سے بچنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔