Wednesday, 26 August 2026, 07:36:08 pm
 
نوجوان نسل حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کریں: صدر، وزیراعظم
August 26, 2026

صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کریں اور اعلیٰ اخلاقی کردار، سخت محنت اور انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

صدرنے کہا کہ ہمیں معاشرے میں انصاف، مساوات، رواداری، فرقہ وارانہ اور بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی عظمت کو فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے جس کے ذریعے انسانیت کو ایمان، ہدایت، انصاف، رحم اور اعلیٰ اخلاق کا کامل راستہ عطا کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں آج درپیش معاشی، سماجی اور اخلاقی مسائل پر قابو پانے کے لیے اپنی اجتماعی زندگیوں کو اسلام کی فراہم کردہ کامل رہنمائی کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔

وزیراعظم نے پاکستان کو مضبوط، خوشحال، پرامن اور فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔