وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ افسوسناک واقعے میں چودہ بچے جاں بحق ہوگئے۔
سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آتشزدگی کے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری صحت کو معطل کرنے کے بعد انہیں اجلاس سے چلے جانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک سانحے پر ہمارے دل انتہائی مغموم ہیں اور ہم بچوں کے والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔