آزاد جموں و کشمیر میں سڑک کی بحالی کے آپریشن کے دوران مسلح شرپسندوں کے حملے میں رینجرز کا ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سرساوا-تراڑکھل سڑک کی کلیئرنس کے دوران مسلح شرپسندوں کے گروہ کے سنائپرز نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار شاہ نواز شہید ہوگئے جبکہ لانس نائیک بلال زخمی ہوگئے۔
یہ کلیئرنس آپریشن مقامی رہائشیوں کے مطالبے پر شروع کیا گیا، جنہوں نے آمدورفت میں شدید مشکلات اور غذائی اشیا کی قلت کے باعث بند راستے دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق مسلح شرپسند گروہ کی جانب سے سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف جدید ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کا استعمال منظم اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی جانے والی دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیاں اس امر کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں کہ ہر حال میں ریاست کی رٹ قائم کی جائے اور اسے محفوظ بنایا جائے۔
ماہرین نے زور دیا کہ ریاستی اداروں پر حملوں میں ملوث مسلح گروہوں کے خلاف فوری، سخت اور بلاامتیاز قانونی کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔