جشنِ آزادی کی آمد پر معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے پاکستان سے والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے اساتذہ نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آزادی لاکھوں مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، جبکہ ارضِ پاکستان اور اس کی آزادی کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری ہونے کے ناطے وہ پاکستان کے ساتھ جذبات، عقیدے، ترقی اور قربانیوں کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ اساتذہ نے معرکہ حق میں پاک فوج کی جانب سے بھارت کو شکست دینے کو ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کے مترادف قرار دیا۔
آزاد کشمیر کے اساتذہ نے کہا کہ بحیثیت استاد نصابی تعلیم کے ساتھ طلبہ کی اخلاقی، قومی اور شہری تربیت کا فریضہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ نوجوانوں کو علم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور خودکفالت میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
اس موقع پر اساتذہ نے مکہ دفاعی مشترکہ معاہدے کو مسلم دنیا کے اتحاد، خودداری اور امن کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ جشنِ آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور خودکفالت کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنے کا درس دیتا ہے۔