Wednesday, 26 August 2026, 08:20:58 am
 
یومِ آزادی: اوورسیز کشمیریوں کا پاکستان سے لازوال محبت و وابستگی کا اظہار
August 13, 2026

یومِ آزادی کی آمد کے ساتھ معاشرے کے ہر طبقے کی جانب سے پاکستان سے والہانہ محبت اور وابستگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں نے وطن سے دوری کے باوجود پاکستان سے اپنی گہری محبت اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جغرافیائی فاصلے ان کے دلوں کو پاکستان سے جدا نہیں کر سکتے اور ان کی دعائیں آج بھی اپنے وطن کے ساتھ ہیں۔

اوورسیز کشمیری شہریوں نے کہا کہ وطن سے دوری بھی انہیں پاکستان سے جدا نہیں کر سکتی، 14 اگست آتے ہی دل پاکستان کی یادوں سے بھر جاتا ہے اور ہر یومِ آزادی پر یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کے درمیان موجود ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک میں رہتے ہوئے بھی یومِ آزادی جوش و خروش سے مناتے ہیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستانی اور کشمیری اپنے وطن کی محبت کبھی نہیں بھولتے۔

اوورسیز کشمیریوں نے کہا کہ وہ اپنی نئی نسل کو پاکستان اور کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور شناخت سے روشناس کرا رہے ہیں تاکہ وطن سے محبت کا یہ ورثہ آئندہ نسلوں تک منتقل ہوتا رہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی سبز ہلالی پرچم بلند ہوتا ہے یا قومی ترانے کی آواز کانوں میں گونجتی ہے تو دل فخر اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو جاتا ہے۔

اوورسیز کشمیری شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، پاکستان کی عزت، وقار اور مثبت تشخص ان کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر رہے گا۔