آزاد جموں و کشمیر میں روزگار، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔
مظفرآباد، میرپور، نیلم، بھمبر، جہلم ویلی اور لیپہ سمیت مختلف علاقوں کے شہریوں نے معمولاتِ زندگی کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے شہروں اور دیہات میں زندگی کی رونقیں واپس آ گئی ہیں، سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بہتر ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پرامن ماحول کے باعث خطہ دوبارہ معاشی ترقی کی جانب گامزن ہوگا اور تعمیرات، مارکیٹوں، ورکشاپس سمیت مختلف شعبوں میں محنت کش دوبارہ اپنے کام پر آ رہے ہیں۔
امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیاں بھی معمول پر آ گئی ہیں، جبکہ عدالتی، انتظامی اور صحت کی سہولیات بھی معمول کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔
آزاد کشمیر آنے والے سیاحوں نے بھی امن و امان کی بہتر صورتحال اور معمولاتِ زندگی کی بحالی پر حکومت اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔