مظفرآباد اور میرپور ڈویژن میں معمولاتِ زندگی بحال ہونے کے ساتھ تعلیمی اداروں میں بھی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔
ان علاقوں میں طلباء و طالبات نے اپنی پڑھائی کا سلسلہ دوبارہ سے جاری رکھا ہوا ہے جسے وہ نہایت خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے دوبارہ کھلنے سے ان کی پڑھائی کا سلسلہ بحال ہو گیا ہے، جس سے انہیں اپنے تعلیمی اہداف پر توجہ دینے کا موقع مل رہا ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا پرامن ماحول میں تعلیم کا سلسلہ جاری رہنا طلبہ کے مستقبل کیلئے انتہائی ضروری ہے، اس لئے تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہنا چاہئے۔
دوسری جانب راولاکوٹ کے طلباء و طالبات نے کہا ہے کہ احتجاج کے باعث ان کے تعلیمی ادارے بند ہیں، جس سے ان کی پڑھائی کا شدید نقصان ہو رہا ہے اور تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے اپیل کی ہے کہ احتجاج اور دھرنے ختم کرکے تعلیمی ادارے کھولے جائیں، تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور اپنے مستقبل کے اہداف حاصل کرسکیں۔