پاکستان اور روس نے دو ہزار تیس تک دوطرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے تجارت، معاشی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس میں ہوا، جو آج ماسکو میں اختتام پذیر ہو گیا۔
وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی فیڈریشن کے وزیرِ توانائی سرگئی تسیویلیف نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
مذاکرات کے دوران فریقین نے اسلام آباد میں ہونے والے کمیشن کے دسویں اجلاس کے بعد اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور دوطرفہ معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کمیشن کا بارہواں اجلاس آئندہ سال پاکستان میں ہوگا۔
اختتام پر گیارہویں بین الحکومتی کمیشن کے پروٹوکول اور دو ہزار چھبیس سے دو ہزار تیس تک پاکستان اور روس کے درمیان معاشی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔