وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تنظیم نو کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ اسے ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارے میں تبدیل کیا جا سکے۔
وہ آج اسلام آباد میں این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور اے آئی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو تعینات کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر اعظم نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحات کی سفارشات پر غور کرنے کیلئے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی بنانے کے احکامات جاری کئے، جو رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔
اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے، جس کیلئے بہترین افرادی قوت میرٹ کی بنیاد پر رکھی جائے گی۔