وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی برآمدی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنے، اسے معاشی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کا کلیدی محرک بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی، اہم منصوبوں پر پیش رفت اور جاری اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئی ٹی اور اس سے منسلک خدمات کے شعبوں میں مزید ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کوشاں ہے۔
انہوں نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے تحت تمام فعال آئی ٹی پارکس کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور قابلِ اعتماد کنیکٹیویٹی کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو مختلف آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کے عمل میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں علی بابا کے اشتراک سے اسٹریٹجک ٹرانسفارمیٹو فریم ورک پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ علی بابا حکومتِ پاکستان کے لیے ایک جامع سپر ایپ تیار کر رہا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کی سہولت کے لیے تمام سرکاری خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔
اجلاس کو ملک میں فائیو جی سروسز کے اجرا سے متعلق پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی، جسے اطمینان بخش قرار دیا گیا، جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں نے چھیاسی شہروں میں نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔