پاکستان اور مالدیپ نے سیاحت، تجارت اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور مالدیپ کے وزیرِ سیاحت و شہری ہوا بازی محمد امین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
مالدیپ کے وزیر نے بتایا کہ ان کے ملک کی قومی ایئرلائن جلد ہی پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے آنے والے کارکنوں کا خیرمقدم کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ براہِ راست پروازوں سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر آسان ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہِ راست فضائی روابط سے مالدیپ جانے والے سیاحوں کی تعداد بڑھانے میں مدد ملے گی۔
وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے بھی مالدیپ کے وزیر سے ملاقات کی۔
جنید انوار چوہدری نے مالدیپ کو پاکستان کی ابھرتی ہوئی ٹونا فش پروسیسنگ اور کیننگ کی صنعت میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
فریقین نے دوطرفہ تجارت کے فروغ، ذرائعِ نقل و حمل کی بہتری، بحری روابط مضبوط بنانے اور سمندری معیشت میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا۔