Thursday, 26 November 2026, 12:51:14 am
 

مزید خبریں

 
وزیراعظم شہباز شریف کی سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
November 25, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے اور تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی اور سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غیر فعال سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری ملکی معیشت کی بہتری، قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے اور معاشی استحکام یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے ان اداروں کی نجکاری سے قومی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل میں قانونی رکاوٹوں کی وجہ سے تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور ان کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔