وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے غلط معلومات، گمراہ کن پروپیگنڈا اور نقصان دہ آن لائن مواد کے تدارک کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ’’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور پوسٹ ٹروتھ ایرا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی تعداد تقریباً دس کروڑ، جبکہ اسمارٹ فون صارفین کی تعداد تقریباً سولہ کروڑ ہے، جس کے باعث جھوٹی معلومات کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں اپنی موجودگی کو وسعت دیں اور دہشت گردی کے فروغ، خواتین کو ہراساں کرنے اور بچوں کے استحصال سمیت دیگر نقصان دہ مواد سے نمٹنے کے لیے حکام کے ساتھ مل کر کام کریں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت شہریوں کے ڈیٹا کی رازداری کے تحفظ اور جدت و ٹیکنالوجی کی صنعت کے فروغ کے درمیان توازن پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔