سکیورٹی فورسز آپریشن ردالفتنہ تین کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے قلعہ سیف اللہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد کمانڈر دسمبر دو ہزار بیس سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا اور دو ہزار چوبیس سے اس عسکریت پسند گروہ کے مالی معاملات چلا رہا تھا۔
وہ ژوب، شیرانی اورشعبان میں بیرونی دہشت گردوں کیلئے مستقل رہائش کا انتظام کرنے میں بھی ملوث تھا۔
خارجی کمانڈر عادل شاہ دو ہزار بائیس سے سکیورٹی فورسز پر حملوں اوراغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔