Saturday, 26 September 2026, 03:42:42 am
 
رانا تنویر کا جانوروں کی صحت میں عالمی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور
September 25, 2026

قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے وزیر رانا تنویر حسین نے جانوروں کی صحت، بیماریوں کی نگرانی اور ون ہیلتھ سسٹم میں عالمی سطح پر وسیع تر سرمایہ کاری پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات روم میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے ہیڈکوارٹرز میں ایف اے او اور وبائی امراض کے فنڈ کے موضوع پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وبائی امراض کی روک تھام کا آغاز ابتدائی سطح پر انسان، حیوان اور ماحول کے باہمی تعلق سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹ کر کیا جا سکتا ہے۔

جانوروں کی صحت کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام صوبوں اور خطوں کی توثیق سے جانوروں کی بیماریوں کی رپورٹنگ اور نگرانی کے لیے ایک جدید الیکٹرانک نظام تیار کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بڑے اور پیچیدہ وفاقی نظام میں ون ہیلتھ طریقہ کار کو عملی شکل دینے کے اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور خوراک و زراعت کے ادارے، وبائی امراض کے فنڈ کے سیکرٹریٹ اور رکن ممالک کے ساتھ مسلسل تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔