وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات کو مستحکم رکھنے کیلئے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہا۔
انہوں نے اے کے ڈی این سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی شمولیت سے معاشی خودمختاری کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ پاکستان میں پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات پر اظہار تشکر کیا اور ایسی صورتحال میں، جب پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے، علاقائی امن و استحکام کیلئے وزیراعظم کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پاکستان اور اے کے ڈی این کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انسانی ترقی کے مختلف شعبوں، بالخصوص صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔