وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی فیول ریلیف سکیم کے تحت اب تک 58 لاکھ سے زائد افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سکیم کے تحت تقریباً 61 لاکھ ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں اور 47 لاکھ افراد نے اس سہولت کے ذریعے ایندھن حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی رائے کے بعد موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی کے لیے پانچ لیٹر کی حد بھی ختم کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کرائے کی گاڑیاں استعمال کرنے والے موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کے لیے ملکیت کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آٹھ دنوں کے اندر چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تقریباً 47 لاکھ افراد اس سکیم سے مستفید ہوئے ہیں۔
اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ فیول ریلیف سکیم کے تحت مستحق افراد کی شناخت شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے۔