پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ادارہ جاتی ڈھانچے کے قیام کی جانب پیش رفت کا جائزہ لیا ہے۔
یہ پیش رفت نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے درمیان ملاقات میں ہوئی۔
وزرا نے مقدس شہر مکہ اور سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے گھنائونے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے سعودی مسلح افواج کی مستعدی اور مملکت کی سلامتی کے دفاع کی ان کی صلاحیت کو سراہا۔
انہوں نے یہ بات دہرائی کہ اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل اکاون کے مطابق سعودی عرب اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے جب مناسب سمجھے ایسے اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔
وزرا نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کی معاونت کے طریقوں کا جائزہ لینے کے لیے تینوں ممالک کے چیفس آف اسٹاف کا ہنگامی اجلاس بلانے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔