Saturday, 26 September 2026, 03:41:35 am
 
خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے سے گریز کرے، عطا اللہ تارڑ
September 25, 2026

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے سے اجتناب کرے۔

آج (جمعہ)  ٹیلی وژن پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے معاملے پر ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کررکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صورتحال سے بے خبر ہے اور امن برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرنے سے بھی گریزاں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنایا ہے، تاہم پاکستان تحریک انصاف ان کا پسندیدہ سیاسی گروپ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تحریک طالبان پاکستان کی بی ٹیم اور افغان طالبان کی سی ٹیم بن چکی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، ان کی کابینہ اور پی ٹی آئی کی پوری صوبائی حکومت دہشت گردوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور ملک کی سالمیت کے لیے کام کرے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب افغانستان سے ڈرون آئے تو صوبائی حکومت کے نمائندے فرار ہو گئے، جبکہ سکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر سرگرم ہیں۔