Saturday, 26 September 2026, 03:41:48 am
 
آئی ایف سی، عالمی بینک کا پاکستان کو تکنیکی و مالی معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ
September 25, 2026

انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اور عالمی بینک نے پاکستان کے ساتھ کام کرنے اور معیاری منصوبوں کی معاونت کے لیے تکنیکی مشاورت اور مالی وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ریجنل ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات میں عالمی بینک کی پاکستان کے لیے کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار بھی موجود تھیں۔

وزیر اقتصادی امور نے گزشتہ چار سال کے دوران پاکستان میں آئی ایف سی کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا اور پاکستان کے لیے عالمی بینک گروپ کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت آئندہ دس سال کے دوران ہر سال دو ارب امریکی ڈالر تک کے وسائل متحرک کرنے کے عزم کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس تعاون میں پاکستان کی ترجیحات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے تحت منصوبے اور ہاؤسنگ فنانس سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے اشتراک سے سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔

وزیر اقتصادی امور نے تکنیکی معاونت اور مالی وسائل کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کے لیے آئی ایف سی کے تعاون اور ملک کی ترقی میں عالمی بینک گروپ کے وسیع تر کردار کو سراہا۔