وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، کان کنی و معدنیات، بندرگاہوں اور جہاز رانی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وہ نیویارک میں بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ (BCIU) اور امریکہ پاکستان بزنس کونسل (USPBC) کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے جبکہ معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر ساختی اور پالیسی سطح کی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے، ٹیکنالوجی اور ای گورننس کے فروغ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ حکومت نجی شعبے کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ سازگار ماحول یقینی بنا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ، اخراجات میں کمی اور کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کان کنی و معدنیات، آئی ٹی و مصنوعی ذہانت اور بندرگاہوں و جہاز رانی کے شعبے بھی سرمایہ کاری کے اہم شعبے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت انہیں پیشہ ورانہ تربیت اور مہارتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرکے خودمختار بنایا جا سکے۔