پاکستان اور تاجکستان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور تاجکستان کے وزیرِ خارجہ سراج الدین مہرالدین نے کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور قریبی تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دو طرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلی سطح کے روابط مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تاجک وزیرِ خارجہ سراج الدین مہرالدین نے خطے میں امن، استحکام اور مسائل کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔