حکومت نے وزیراعظم آفس سسٹم کے ذریعے سرکاری امور کی انجام دہی اور نگرانی کے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کا مقصد وزیراعظم آفس سسٹم کو مؤثر طریقے سے فعال بنانے کا عمل تیز کرنا تھا۔
وزیر اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ نے وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ کے ہمراہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم آفس سسٹم کو حکومتی نظام میں انقلابی تبدیلی لانے والا پلیٹ فارم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نظام روایتی اور غیرخودکار طریقہ کار کی جگہ ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کو متعارف کرائے گا۔
احد چیمہ نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم آفس، عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مخصوص جائزہ اجلاسوں کے ذریعے وزارتوں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرے گا۔