وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان کے باغبانی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے ویلیو ایڈیشن، جدید پروسیسنگ ٹیکنالوجیز اور برآمدات پر مبنی ترقی کے عمل کو تیز کرے۔
انہوں نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے پھلوں کی بیگنگ (Bagging) کے کامیاب اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم عمل قرار دیا، جس سے پاکستانی پھلوں کے معیار، ظاہری شکل اور برآمدی مسابقت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس اقدام کو آم، کیلے اور امرود کے علاوہ تجارتی لحاظ سے اہم فصلوں، بالخصوص کھجور، انگور اور آڑو تک توسیع دی جائے۔
جام کمال خان نے پاکستان کی پیپر مینوفیکچرنگ انڈسٹری، نجی شعبے کے شراکت داروں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر فروٹ بیگنگ میٹریل کی مقامی پیداوار کے مواقع تلاش کرنے کی ہدایت کی۔