Sunday, 26 July 2026, 02:56:36 am
 
بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے وفاق ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، محسن نقوی
July 25, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں پائیدار قیامِ امن یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرتی رہے گی۔

انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انٹیلی جنس صلاحیتوں اور مربوط آپریشنل حکمت عملی کا استعمال ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی اور باہمی تعاون سے آگے بڑھ رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہر محاذ پر دہشت گرد عناصر کو شکست دینے سے متعلق صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کوئی بھی دباؤ دہشت گردی کے خلاف ریاست کی مہم کو روک نہیں سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی عملداری ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے مسلسل تعاون سے پورے بلوچستان میں امن کے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے حکومت کی مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔