نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار نے جمہوریہ کرغز کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے وزیرِ خارجہ میکسم ریژینکوف سے ملاقات کی ۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بیلاروس کے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والے پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس اور اعلی سطح کے روابط جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں رہنمائوں نے اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے، دفاع، زراعت، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے تبادلے میں اشتراک عمل کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور جامع تعاون کے لائحہ عمل دو ہزار پچیس تا دو ہزار ستائیس پر عمل درآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
بیلاروس کے وزیرِ خارجہ میکسم ریژینکوف نے امریکہ اور ایران کی صورتحال کے دوران مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی بھی تعریف کی۔