وزیراعظم کے قومی پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی کے تحت اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گردونواح میں مختلف مقامات پر روزانہ اسکریننگ کیمپس لگائے جا رہے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد میں بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
جن افراد کے ٹیسٹ مثبت آتے ہیں، انہیں ادویات اور علاج کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ وہ بروقت تشخیص کے بعد مناسب طبی نگہداشت حاصل کر سکیں۔
اسلام آباد کی ایک نجی یونیورسٹی میں اسکریننگ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم کے قومی ہیپاٹائٹس پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء اللہ خان داوڑ نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون سے اسکریننگ کا دائرہ وسیع کرنے اور پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے ہدف کی جانب پیش رفت تیز کرنے میں مدد ملی ہے۔
اس مہم میں آئی ایم ڈی سی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن اور میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے طلبہ نے بھی حصہ لیا، جہاں انہیں بیماریوں سے بچاؤ اور عوامی صحت کے حوالے سے عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملا۔