پاکستان، ترکیہ ، مصر اور سعودی عرب کے ساتھ ساتھ فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ نے علاقائی تنازعات کو مذاکرات، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے حل کرنے کی فوری ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔
یہ بات استنبول میں آر فور ممالک اور چار یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں کی گئی۔
وزرا نے تمام حل طلب تنازعات کا اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مذاکرات کے ذریعے دیرپا حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے سفارتی کوششوں کیلئے اپنا کردارجاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا تاکہ خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دیا جاسکے اوران تنازعات کے سکیورٹی، معیشت اور تجارت پر مرتب ہونے والے اثرات سے نمٹا جاسکے۔
وزرا نے تنازعات کی روک تھام کیلئے اسی طرزپر مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔