Friday, 25 September 2026, 03:32:59 am
 
معروف براڈکاسٹر محمد اجمل ملک کی برسی
September 24, 2026

ریڈیو پاکستان کے معروف براڈکاسٹر محمد اجمل ملک کی پانچویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ مرحوم اجمل ملک کو مذہبی ہم آہنگی، دیہی ترقی اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں بے شمار اعزازات سے نوازا گیا۔ خطہ بہاولپور اور سرائیکی وسیب کی مقبول ترین و توانا آواز محمد اجمل ملک نے بطور براڈکاسٹر اپنے فنی کیریئر کا آغاز 18 اگست 1975 کو ریڈیو پاکستان بہاولپور سے کیا۔

محمد اجمل ملک نے آغاز سے ہی اپنی دلکش و مؤثر ترین آواز کے ذریعے سننے والے لاکھوں دلوں میں اپنا باوقار نام بنا لیا۔ انہوں نے ریڈیو بہاولپور سے شام کو نشر ہونے والے معروف پروگرام وسدیاں جھوکاں کے ذریعے عوام کو تعلیم، سماج اور سیاست سے بہرہ ور کرایا۔

پروگرام کی مقبولیت بڑھنے پر اس کا نام جمہور دی آواز رکھا گیا۔ جمہور دی آواز میں ملک اور میاں سئیں کی جوڑی کو عوام نے بے حد پسند کیا۔ دلوں کو چھو لینے والی آواز، معاشرتی مسائل بارے گفتگو اور ہنسی مذاق پر مبنی چٹکلوں سے یہ پروگرام عوام کے دلوں میں گھر کر گیا۔

ریڈیو بہاولپور کے پروگرام روہی رنگ رنگیلڑی میں اجمل ملک کی میزبانی نے پروگرام کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان بہاولپور سے نویں سویل، وستی وستی ڈیرہ ڈیرہ، سوجھلا اور قومی نشریاتی رابطے پر چالیس سالہ طویل مدت میں کئی پروگراموں کی میزبانی کی۔

"آپ کی فرمائش"، ریڈیو میلہ، محافل میلاد، "روشنی" اور "کرنیں", جیسے معروف پروگراموں کی میزبانی بھی مرحوم کے حصے میں آئی۔

محمد اجمل ملک کا شمار پاکستان کی ان چند نادر آوازوں میں ہوتا ہے جو بیک وقت اردو اور سرائیکی پروگرامز کے ذریعے خطہ جنوبی پنجاب سمیت قومی نشریاتی رابطے پر پاکستان کے تمام علاقوں تک پہنچیں۔

وہ 24 ستمبر 2021 کو اس دار فانی سے رخصت ہوئے۔ محمد اجمل ملک کی شخصیت اور خدمات پر ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر متعدد مقالات اور تھیسز لکھے جانے کے علاوہ ان کو ملکی خدمات کے اعتراف میں متعدد قومی و علاقائی ایوارڈز کے ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان کے اعلیٰ ترین حسن کارکردگی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔