پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بات کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور کرغز وزیرِ خارجہ ZHEENBEK MOLDOKANOVICH کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، کاروباری اور عوامی سطح کے روابط کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے کثیر الجہتی فورمز پر قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کرغز جمہوریہ کو شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی کامیاب میزبانی اور 2027-2028 کی مدت کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔