Saturday, 25 July 2026, 02:02:51 am
 
نائب وزیراعظم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ
July 24, 2026

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی سپرٹ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان روابط کے فروغ اور مشترکہ ترقی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے جمہوریہ کرغز کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کرغز قیادت کی گرمجوشی پر مبنی مہمان نوازی اور اجلاس کے بہترین انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے اسلام آباد مذاکرات اور اس کے بعد ہونے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا ذکر کیا، جو مذاکرات اور سفارت کاری کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ہم منصبوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو تسلیم کیا اور سراہا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رواں سال ستمبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہانِ مملکت کونسل کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے، اور آئندہ سال تنظیم کے سربراہی اجلاس میں تمام رکن ممالک کا پاکستان میں خیرمقدم کرنے کیلئے تیار ہے۔