وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے توانائی کی مقامی پیداوار بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے یہ یقین دہانی اسلام آباد میں بین الاقوامی توانائی کمپنیوں کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کرائی۔
وفاقی وزیر سے ملاقات کرنے والوں میں امریکی توانائی کمپنی مورگن ہیوز انرجی کے صدر گریگوری بلوم، تجارہ کیپیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد ولید اور ویٹول ایشیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیرن گالاگر شامل تھے۔
مورگن ہیوز انرجی اور تجارہ کیپیٹل بلوچستان میں معدنیات سے متعلق منصوبوں پر مل کر کام کر رہے ہیں۔
ملاقاتوں کے دوران بین الاقوامی توانائی کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان کے توانائی اور معدنیات کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر مورگن ہیوز انرجی کے صدر نے پاکستان کے تیل اور گیس کے موجودہ ذخائر سے پیداوار بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ویٹول ایشیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات میں علی پرویز ملک نے گوادر میں بنکرنگ آپریشنز کے کامیاب آغاز پر انہیں مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زیادہ سلفر والے فرنس آئل کو انتہائی کم سلفر والے فرنس آئل میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے لیے ویٹول ایشیا کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔