وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام صوبوں کی مساوی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے اضافی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں ستائیس ہزار زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھتر ارب روپے کے اس منصوبے کے لیے وفاقی حکومت نے پچاس ارب روپے فراہم کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین سو ارب روپے کی لاگت سے کراچی۔چمن ایکسپریس وے آئندہ ڈیڑھ سے دو سال میں مکمل کر لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں نو دانش اسکول بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں کے لیے بجٹ میں تین سو اڑسٹھ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ کچھی کینال منصوبے پر کام تیز کیا جائے گا، اور اس بات پر بھی زور دیا کہ اس کا نام تبدیل کر کے پاکستان کینال رکھنا چاہیے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے مشترکہ کوششوں کے ذریعے ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان عبوری حکومت پر بھی زور دیا ہے کہ وہ دہشت گرد گروہوں کو لگام ڈالے اور انہیں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے سے روکے۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اب تک اس حوالے سے کچھ بھی کرنے میں ناکام رہی ہے۔